ترجمان القرآن از امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد
اہل علم جانتے ہیں کہ جس طرح مولانا ابوالکلام آزاد ادب و انشاء پردازی کے جولان گاہ میں ایک ارفع مقام رکھتے ہیں، ویسے ہی مولانا آزاد علمی میدان میں بھی اپنی منفرد حیثیت رکھتے ہیں اور اس میدان میں انھوں نے بہت سی خدمات سرانجام دی ہیں۔ انھیں خدمات میں سے ایک قرآن مجید کی آسان و سہل انداز میں لکھی گئی مولانا آزاد کی تفسیر ترجمان القرآن ہے۔ مولانا آزاد کی دیگر ادبی خدمات کے مقابلے میں تفسیر ترجمان القرآن کا انداز بہت آسان ہے۔ جو اہل علم و عوام دونوں کے ہاں مقبول عام ہے اور دونوں طبقات اس سے استفادہ کرتے ہیں اور قرآن مجید کے مطالب و مقاصد کے حصول تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ مولانا آزاد کی تفیسر کے مقام و اہمیت کے بارے میں مولانا احمد سعید دہلوی فرماتے ہیں:
”قرآن کریم کی عربیٔ مبین مولانا آزادؒ کا انتظار کر رہی تھی کہ وہ آکر اسے اردوئے مبین کے قالب میں ڈھالیں۔ ترجمان القرآن مولانا آزاد کا غیر فانی کارنامہ ہے۔“
ترجمان القرآن کی اہمیت کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ قرآن کی مشکل مباحث بہت مختصر اور آسان انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔ مولانا امین احسن اصلاحی فرماتے ہیں:
”مولانا آزادؒ کی تفسیر کے بعض مباحث اتنے قیمتی ہیں کہ وہ دوسروں کے ہزاروں صفحات پر بھاری ہیں۔ میں نے بھی اپنی کتاب میں ان سے استفادہ کیا ہے۔“
مولانا آزاد کی تفسیر کے طرح ترجمۂ قرآن بھی آسان ہے جس سے عوام و خواص دونوں مستفید ہوسکتے ہیں۔
جناب میاں مختار احمد صاحب (مکتبہ جمال لاہور) نے مولانا آزاد کا ترجمہ قرآن ایک جلد میں الگ سے شائع کردیا ہے، جو مولانا آزادؒ کے پڑھنے والوں کےلیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ کچھ عرصہ قبل میاں مختار احمد صاحب نے مجھے فون پر بتایا کہ انھوں نے مولانا ابوالکلام آزادؒ کا ترجمہ قرآن شائع کردیا ہے، اور میرے لیے اپنے طرف سے ایک نسخہ بھی بھیج دیں گے۔ دو دن پہلے انھوں نے پھر فون کرنے کی تکلیف اٹھائی اور بتایا کہ وہ ترجمہ قرآن انھوں نے میرے نام بھیج دی ہے۔ آج مجھے وہ ترجمہ قرآن مل گیا۔ آج میری خوشی کی انتہاء نہیں ہے۔ کیونکہ میں بذات خود کسی کے تحفہ عنایت کرنے پر بہت خوشی اور سکون محسوس کرتا ہوں، پھر جب کتاب کا تحفہ ہو اور کتاب بھی اس شخصیت کی جو آپ کے پسندیدہ بھی ہو۔ اب آپ اس خوشی کا اندازہ محسوس کرسکتے ہیں۔
میں جناب میاں مختار احمد صاحب کا بے حد مشکور ہوں جنھوں مجھے ناقص العلم کو اتنے اعتماد و محبت سے نوازا، اور میری لائبریری میں اس عظیم کتاب کا اضافہ فرمادیا۔ فجزاہ اللہ خیراً۔