پی ٹی آئی احتجاج اور پشتون

 پی ٹی آئی کے احتجاج میں ان پشتونوں نے بھی شرکت کی ہے جنکی اپنے صوبے کے مختلف علاقوں میں قیامت برپا ہے۔ پھر یہ کہتے پھرتے ہیں کہ ہمیں حقوق نہیں مل رہے، ہمارے وسائل پر ہمارا اختیار نہیں! ہمارے حق میں کوئی آواز نہیں اٹھاتا! میں یقین سے کہتا ہوں کہ اس احتجاج میں پاڑہ چنار، کرم اور بنوں سے بھی پشتونوں نے شرکت کی ہوگی جنکے اپنے علاقے میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اگر آپ کو اپنے مسائل کا خود ادراک نہیں تو پھر آپ کے لیے کوئی اور آواز اٹھانے نہیں آئے گا، جو کچھ کرنا ہے آپ نے خود کرنا ہے۔ آپ کو استعمال کرنے کے لیے آپکے نام کے ساتھ غیور و بہادر کے بڑے بڑے سابقے لگائے جاتے ہیں لیکن افسوس کہ آپ کے پاس جذبات Emotions تو ہیں لیکن جذباتی سمجھداری، آگاہی اور باخبری Emotion Intelligence کہ جذبات کو کہاں، کیسے اور کتنے مقدار میں استعمال کرنا چاہیے؟ اسکا پتہ نہیں۔

PTI Protest November 2024, Photo: X/Twitter

جان و مال کے بارے میں ایک لمحے کے لیے جذباتی ہونا بہادری نہیں بے وقوفی ہے، جس کا خمیازہ ہم پہلے ہی سے بھگت رہے ہیں۔ آپ ان لوگوں کے لیے اپنی جان داؤ پر لگا رہے ہیں جنکی وجہ سے پچھلے چند سالوں سے آپکے صوبے کی حالت ابتری کی انتہا پر ہے۔ بشریٰ بی بی، عارف علوی، بیرسٹر گوہر، گنڈاپور، سبھی بنی گالہ، اسلام آباد اور ملک کے دوسرے علاقوں میں میں بڑے بڑے بنگلے، بینک بیلنس رکھتے ہیں لیکن احتجاج کو لیڈ کرنے کے لیے وہ آپکے صوبے کا رخ کرتے ہیں اور لاوارث خیبر پختونخواہ کے سرکاری پروٹوکول میں احتجاج کے لیے نکلتے ہیں۔ انھیں کوئی گرفتار نہیں کرتا اور اگر گرفتار بھی ہوجائے تو ان پر تشدد نہیں ہوتا، جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ آپ بے سر و پا کے ساتھ ہوتا ہے، لیکن پھر بھی آپ جہالت کے جذباتی ہتھیلی پر اپنی جان لیے ان کے آگے پیچھے گھومتے ہیں یہ کہاں کی عقلمندی اور شعور ہے؟ یہ ملک اور یہ پارٹی جتنا پشتونوں کا ہے اتنا ہی دیگر اقوام کا بھی ہے، لیکن کیا ہوا کہ دو رنگی سیاست آپکو اپنے عزت و غیرت کا مسئلہ لگتا ہے اور جو جذبات آپ اس کے لیے دکھاتے ہیں وہ آپ اپنے حق کے لیے استعمال نہیں کرتے! اگر اب بھی پشتون ہوشیار نہ ہوئے اور ذرا سا بھی شعور سے کام نہیں لیا تو پھر اپنی بربادی پر ماتم کا آپ کو کوئی حق نہیں! ؎

میر کیا سادہ ہیں، بیمار ہوئے جس کے سبب

اسی عطار  کے  لڑکے  سے دوا  لیتے ہیں

حیدرعلی صدیقی

مسلم / پاکستانی / لکھاری

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی